دینہ میں پولیس کا منشیات فروشوں اور شراب سپلائرز کے خلاف کریک ڈاؤن، چار ملزمان کو ہیروئن اور شراب سمیت گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور شراب سپلائرز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تھانہ منگلا کینٹ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات اور شراب برآمد کر لی۔
پہلی کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر فوری ایکشن لیتے ہوئے منشیات فروش ملزم خاور الحق کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 1 کلو 60 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ ملزم کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
دوسری کارروائی میں شراب سپلائی کرنے والے تین ملزمان محمد عبداللہ، قاسم اور ذیشان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 15 لیٹر شراب برآمد کی۔ تینوں ملزمان کے خلاف تھانہ منگلا کینٹ میں الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے پولیس کی ان کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات اور شراب فروشی معاشرے کے لیے زہر قاتل ہیں اور ان ناسوروں کے خلاف جہلم پولیس کی کارروائیاں بلا امتیاز اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے بچانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
