جہلم میں بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ ہوسکی، شہری ریلیف سے محروم

جہلم: حکومت پنجاب کی جانب سے آٹا، میدہ، سوجی اور چینی سمیت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کے باوجود جہلم بھر کی بیکریوں میں مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی کمی نہ کی جا سکی۔ شہریوں کو پھوٹی کوڑی کا بھی ریلیف نہ مل سکا اور وہ اب بھی مہنگے داموں بسکٹ، کیک، رسک اور دیگر بیکری سامان خریدنے پر مجبور ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات کا فائدہ عوام تک پہنچنے کے بجائے صرف چند صنعتکاروں اور دکانداروں تک محدود ہو رہا ہے۔ بیکری مالکان اشیائے ضروریہ سستی خریدنے کے باوجود مصنوعات پر پرانی قیمتیں برقرار رکھے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے عوام مہنگائی کے بوجھ تلے پس رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ضلعی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کارروائیاں کرنے سے گریزاں ہیں اور بیکری مالکان کے خلاف چیک اینڈ بیلنس کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں۔ اس صورتِ حال میں شہری دربدر کی ٹھوکریں کھانے اور اضافی نرخوں پر بیکری مصنوعات خریدنے پر مجبور ہیں۔

پریشان حال شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیا جائے اور بیکری مالکان کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے مصنوعات کے نرخ کم کرنے پر مجبور کیا جائے۔

مزید یہ کہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر بیکری مصنوعات کے نرخوں کی مانیٹرنگ کی جائے تاکہ عام آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔

Exit mobile version