سوہاوہ: یوں تو سوہاوہ شہر ان گنت مسائل سے دو چار ہے مگر میونسپل کمیٹی کی افسر شاہی نے اسے کچرا کنڈی میں تبدیل کر دیا ہے۔
سوہاوہ شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔ شہر کے بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار سے خریداری کے لیے آنے والے شہری شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔ حکومت پنجاب نے برسات سے قبل تمام میونسپل کمیٹیوں اور کارپوریشنز کو شہر بھر کے نالوں کی صفائی کے احکامات دیے تھے جس پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔
چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سوہاوہ کی عدم دلچسپی اور دفاتر سے غیر حاضری سے شہر کے نالوں کی صفائی نہ ہوسکی جس کی وجہ سے شہر کے متعدد محلوں کے گھروں میں برساتی پانی داخل ہو رہا ہے جس سے شہریوں کے لاکھوں کے سامان کے نقصانات کے ساتھ ساتھ ان کی عمارات کو بھی شدید نقصان کا اندیشہ ہے۔
شہریوں نے متعدد بار چیف آفیسر سے ملنے کی کوشش کی مگر موصوف دفتر میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے ان کی شنوائی نہ ہو سکی۔ کئی شہریوں نے شکایت بھی کی کہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سوہاوہ اپنے دفتر میں حاضر نہیں ہوتے جبکہ حکومت پنجاب نے موسم برسات میں تمام میونسپل اداروں کے سربراہان اور عملہ کو اپنی حاضری یقینی بنانے اور شہریوں کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے بچانے کے اقدامات کے سخت احکامات دیے ہوئے ہیں۔
سوہاوہ شہر کے بیشتر نالے ریت اور مٹی سے اٹے ہوئے ہیں جس کے باعث تھوڑی سی بارش کے بعد بھی پانی گلیوں میں پھیل کر شہریوں کے گھروں میں داخل ہو رہا ہے۔ میونسپل کمیٹی کے افسران صرف فوٹو شوٹ کر کے سب اچھا ہے کی رپورٹ دے رہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ بھی با اثر افسران کے سامنے بے بس دکھائی دیتے ہیں۔
گزشتہ ہفتے شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کو ان مسائل سے آگاہ کیا جس کے بعد انہوں نے نالوں کی صفائی اور گھروں میں پانی داخل ہونے سے بچانے لے فوری اقدامات کا حکم دیا مگر چیف آفیسر ایم سی نے ان احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے اپنے گھر یا اپنے دفتر میں اے سی میں بیٹھ کر صفائی انچارج کو موقع ملاحظہ کرنے کی خانہ پری کر دی۔
مین جی ٹی روڈ، محلہ قصاب، محلہ مدینہ مسجد، نئی آبادی ڈھیری، محلہ چوہدری یوسف سمیت متعدد نالوں کی صفائی تاحال نہ ہوسکی جبکہ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہونے سے شہری وبائی امراض کا شکار ہو رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ بارش کے باعث گندگی کے ڈھیروں سے تعفن اور بدبو سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔
شہریوں نے وزیراعلی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے اور میونسپل کمیٹی کے افسران کی حاضری کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے مسائل حل نہیں ہوتے تو ڈپٹی کمشنر دفتر کی باہر شدید احتجاج کیا جائے گا۔
