یوتھ گیمز 2026، جہلم میں نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش اور حوصلہ افزائی کے لیے مربوط اقدامات کا آغاز

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز 2026 میں باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ تعلیم و لٹریسی کے متعلقہ افسران اور نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی میمونہ انجم، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جہلم چوہدری محمد طارق گجر سمیت دیگر متعلقہ افسران اور نمائندگان شریک ہوئے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری محمد طارق گجر نے وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز 2026 اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران ضلع بھر کے نان فارمل تعلیمی اداروں میں موجود باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی نشاندہی، انہیں کھیلوں کی طرف راغب کرنے، حوصلہ افزائی کرنے اور یوتھ گیمز کے مختلف مقابلوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ نان فارمل تعلیمی اداروں میں موجود کھیلوں کے ٹیلنٹ کو بروقت سامنے لانے کے لیے مؤثر آگاہی اور رابطہ کاری کا نظام وضع کیا جائے، تاکہ باصلاحیت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مناسب مواقع میسر آ سکیں۔

اجلاس میں لٹریسی کوآرڈینیٹر محمد وقاص، ڈی ایل ایم مس فوزیہ ناز، لٹریسی کلسٹر ہیڈز، متعلقہ اساتذہ، سپورٹس ایکسپرٹ مس مومنہ مہرو گوندل، القاسم اسپیشل ایجوکیشن جہلم کی سپورٹس ٹیچر اور دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔

شرکاء نے باصلاحیت کھلاڑیوں کی مؤثر نشاندہی، یوتھ گیمز کے حوالے سے آگاہی اور مختلف اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے ذریعے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔

Exit mobile version