سپورٹس ٹیلنٹ کو ٹرینڈ اور مربوط کر کے نیشنل لیول کے کھلاڑی تیار کیے جائیں گے، تیمور نواز جٹ

پنڈدادنخان: چوہدری تیمور نواز جٹ نے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان اور ضلع جہلم کے سپورٹس ٹیلنٹ کو ٹرینڈ اورمربوط کر کے نیشنل لیول کے کھلاڑی تیار کیے جائیں گے، اس سلسلے میں بہت جلد سپورٹس فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لا کر نامور کوچز کے ذریعے کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا آغاز کیا جائے گا۔

سابق امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 26 بیرسٹر تیمور نواز جٹ نے پنڈدادنخان میں باگڑی ہاؤس میں سٹی فٹبال کلب کے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کی ہر یونین کونسل میں نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد سپورٹس سے وابستہ انتہائی عمدہ اور بہترین پرفارمنس کے حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے انہیں اپنے ٹیلنٹ کو استعمال کرنے کے مواقع میسر ہیں نہ ہی ان کی تربیت کے لیے مقامی طور پر کوئی اکیڈمیز یا سپورٹس کلب ہیں جبکہ عمومی طور پر یہاں پر کھیلی جانے والی گیمز میں بہت اچھے اور نیشنل سطح تک پہنچنے والے پلیئر بھی موجود ہیں۔

تیمور نواز جٹ نے باگڑی ہاؤس تھری پر ستی فٹ بال کلب کے ممبران صہیب سلیم باگڑی معاویہ حسن محمد مبین ملک ضیاء وسیم و دیگر افراد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ ضلع جہلم اور تحصیل پنڈدادنخان کی حد تک اچھے کوچز اور مواقع مہیا ہونے چاہیے جس کے لیے انشاءاللہ بہت جلد ایک فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی تربیت کا انتہائی عمدہ بندوبست کرتے ہوئے ایسی سپورٹس ٹیموں کو تیار کیا جائے گا جو کہ نہ صرف ضلع ڈویژن کی حد تک بلکہ پنجاب بھر میں علاقائی نمائندگی کرتے ہوئے نہ صرف اپنا شوق پورا کر سکیں گے بلکہ علاقے کے لیے بھی نام پیدا کریں گے۔

↑
Exit mobile version