دینہ: اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد کی زیر نگرانی جی ٹی روڈ دینہ پر ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران متعدد دکانوں کو ہزاروں روپے کے جرمانے کیے گئے جبکہ تجاوزات کا سامان ضبط کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد فیصل اور دیگر عملے کے ہمراہ دینہ جی ٹی روڈ پر قائم ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔ اس موقع پر متعدد دکانوں کے باہر رکھے گئے سامان کو ہٹا دیا گیا اور ضبط کر لیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ جی ٹی روڈ پر کسی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔ دوکاندار حضرات کو متعدد بار تنبیہ کے باوجود تجاوزات سے باز نہیں آتے، جس کی وجہ سے سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ تجاوزات قائم کی گئیں تو متعلقہ دوکانداروں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور دکانیں بھی سیل کر دی جائیں گی۔
