پنڈدادنخان میں کار اور موٹرسائیکل میں تصادم، 18 سالہ نوجوان جاں بحق، 2 افراد زخمی

پنڈدادنخان میں کار اور موٹرسائیکل میں تصادم سے 18 سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں بھیلووال گاؤں کے قریب پنڈدادنخان للِہ روڈ پر کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 18 سالہ نوجوان عبدالرحمن ولد محمد انور موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ 31 سالہ مظہر اقبال ولد محمد سلیمان اور 23 سالہ عبدالعزیز ولد غلام محمد زخمی ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق کار کا ٹائر اچانک پھٹنے سے گاڑی بے قابو ہو گئی اور موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی جس کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد دونوں زخمیوں اور جاں بحق نوجوان کی میت کو ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈدادنخان منتقل کر دیا۔

Exit mobile version