پنڈ دادنخان: چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسز جسٹس عالیہ نیلم نے ایوانِ عدل پنڈ دادنخان کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے انتظامی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا اور عدالتی امور کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کیں۔
ایوانِ عدل پہنچنے پر وکلاء برادری نے چیف جسٹس کا والہانہ استقبال کیا، گلدستے پیش کیے گئے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
دورے کے دوران چیف جسٹس عالیہ نیلم نے خواتین وکلاء کی سہولت کے لیے نو تعمیر شدہ لیڈیز بار روم کی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اس کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایوانِ عدل کے لان میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا، جسے وکلاء اور عدالتی عملے نے سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ سائلین کو بروقت اور معیاری انصاف کی فراہمی عدلیہ کی اولین ذمہ داری ہے، جس کے لیے بار اور بینچ کے درمیان مثالی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے عدالتی نظام میں بہتری، شفافیت اور عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر ضلع جہلم بھر سے عدلیہ کے ججز اور مقامی وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے چیف جسٹس کے دورے کو عدالتی نظام کے لیے خوش آئند اور حوصلہ افزا قرار دیا۔
