اسسٹنٹ کمشنر دینہ ان ایکشن؛ مہنگا سلنڈر بیچنے پر گیس ایجنسیاں سیل، زائد ریٹ لینے والوں پر بھاری جرمانے

دینہ: شہر میں مہنگائی کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقامات پر مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والے دوکانداروں اور گیس ایجنسز کے خلاف سخت اقدامات کیے۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل بھی موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دینہ شہر کے مختلف علاقوں میں مٹن اور بیف کی دکانوں، سبزی فروشوں اور دیگر دوکانداروں کی سرکاری ریٹ سے زائد وصولی پر کارروائی کی گئی۔ ریلوے روڈ پر مہنگے داموں گیس سلنڈر فروخت کرنے پر متعدد گیس ایجنسز کو سیل کیا گیا جبکہ مٹن اور بیف کی دکانوں پر ہزاروں روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

ریڑھی بازار میں بھی وزٹ کے دوران سرکاری نرخ سے زائد وصولی کرنے والے متعدد دوکانداروں کو بھاری جرمانے کیے گئے۔ علاوہ ازیں تندوروں میں روٹی کا وزن اور ریٹ چیک کیا گیا اور زائد وصولی پر ہزاروں روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

شہریوں نے اس کارروائی پر اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد کو خراج تحسین پیش کیا اور اس اقدام کو سراہا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ساتھ ہی ستھرا پنجاب RWMC کی ٹیم کو گلی محلوں اور نالیوں کی صفائی نہ کرنے پر شدید تنقید کی اور ہدایت جاری کی کہ گلی محلوں اور نالیوں کی صفائی یقینی بنائی جائے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے کہا کہ "اگر کوئی شخص سرکاری ریٹ سے زائد نرخوں پر اشیاء فروخت کرتے پکڑا گیا تو اس کے خلاف کارروائی سخت عمل میں لائی جائے گی۔ کسی قسم کی نرمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔” انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بھی ایسے معاملات کی فوری اطلاع دیں تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے اور عوام کو مناسب نرخوں پر اشیاء دستیاب ہوں۔

Exit mobile version