نان فارمل سکول میں صفائی کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاف ستھرا پنجاب وژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایات کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی جہلم علیزہ ریحان نے نان فارمل سکول مشین محلہ نمبر 3 میں کوڑا کرکٹ نہ پھیلانے کے حوالے سے آگاہی سیشن منعقد کیا۔

اس موقع پر ڈی ای او لٹریسی میمونہ انجم بھی موجود تھیں۔

آگاہی سیشن کے دوران طلبہ کو صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کی اہمیت، گلیوں اور عوامی مقامات پر کوڑا کرکٹ پھینکنے کے نقصانات اور صفائی کے فروغ میں ہر شہری کی ذمہ داری سے آگاہ کیا گیا۔

طلبہ کو ترغیب دی گئی کہ وہ کوڑا کرکٹ مقررہ جگہ پر ڈالنے کی عادت اپنائیں اور اپنے گھروں، سکول اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں فعال کردار ادا کریں۔

منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی جہلم علیزہ ریحان نے کہا کہ صفائی کا شعور معاشرے کی بہتری اور صحت مند ماحول کے قیام کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ صفائی کے پیغام کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں اور اپنے اہلِ خانہ و دوستوں تک بھی پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے کوڑا کرکٹ پھیلانے کی عادت کا خاتمہ اور صاف ستھرا جہلم یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

Exit mobile version