جہلم: سیاستدانوں کی باہمی چپقلش کے باعث جہلم سمیت ملک بھر میں مہنگائی نے 45 سالہ ریکارڈ توڑ دیئے۔ کوئی بھی سیاسی جماعت مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور رشوت کے خاتمے پر توجہ نہیں دے رہی جس کا خمیازہ قوم کو مہنگائی کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی انجینئر ملک وارث اعوان نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ترین ہو چکا ہے ادارہ شماریات کے مطابق فروری کے مہینے میں غذائی افراط زر 47 فیصد رہی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سرکاری اعداد و شمار ہیں جبکہ پرائیویٹ سطح پر مہنگائی کی شرح 50 فیصد سے زائد رہی ان حالات میں غریب عوام کیا کھائے اور کیا نہ کھائے اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آنیوالے دنوں میں عوام کیلئے مشکلات مزید بڑھیں گی۔
