جلالپور شریف میں قصاب مہنگے داموں ناقص، مضر صحت اور لاغرجانوروں کا گوشت فروخت کرنے لگے

پنڈدادنخان کے علاقہ جلالپور شریف میں قصابوں کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں، صارفین کو مہنگے داموں ناقص مضر صحت لاغرجانوروں کے گوشت کی فروخت عروج پر ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ جلالپور شریف میں قصابوں نے عید الفطر سے قبل چھوٹے بڑے گوشت کے نرخ اپنی مرضی سے بڑھائے تھے جن کو تا حال کم نہیں کیا گیا۔

عید کے دنوں میں بڑے گوشت کا ڈی سی ریٹ 700 روپے مقرر تھا جسے قصابوں نے از خود بڑھا کر 900 روپے کیا جو کہ آج تک وصول کیا جا رہا ہے جبکہ بکرے کے گوشت کا ڈی سی ریٹ 1400 روپے مقرر ہے، قصابوں نے از خود نرخوں میں اضافہ کرکے 2 ہزار روپے وصولی شروع کررکھی ہے ۔

تحصیل پنڈدادنخان میں جنگل کا قانون نافذ ہے ، اسسٹنٹ کمشنر ، تحصیلدار اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم توجہی کیوجہ سے قصابوں سمیت دکانداروں نے لوٹ مارکا بازار گرم کررکھاہے۔

شہری تنظیموں کے عمائدین نے نو تعینات ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی ، اسسٹنٹ کمشنر پنڈادادنخان سے مطالبہ کیاہے کہ جلالپور شریف میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کیلئے نرخ نامے چیک کئے جائیں اور سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کروانے کے لئے دکانداروں کو پابند بنایا جائے ۔

Exit mobile version