جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تحصیل جہلم کے مجسٹریٹس نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران مجسٹریٹس نے گزشتہ دس روز کے دوران سرکاری قیمتوں کی انسپکشن اور خلاف ورزی پر کی گئی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے قیمتوں پر کنٹرول یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں تمام اسسٹنٹ کمشنر اور مجسٹریٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ قیمتوں کو سرکاری طور پر نافذ کرنے کے لیے مسلسل کام جاری رکھیں۔
صبا سحر نے مزید کہا کہ ریٹ لسٹ کو واضح جگہ پر آویزاں کروانا ضروری ہے اور اگر دکاندار ریٹ لسٹ نہ لگائیں یا من مانے ریٹ وصول کریں تو ان کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کروائیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام مجسٹریٹس اور اسسٹنٹ کمشنر اپنی کارروائیوں میں تیزی لائیں تاکہ عوام کو حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
