جہلم شہر میں سبزی، فروٹ، گوشت اور دیگر اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والی اکثر دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں نہ ہونے کی شکایات میں اضافہ ہونے لگا ہے۔
صارفین کے مطابق سبزی و فروٹ منڈی سمیت اندرونِ شہر اور گردونواح کی متعدد دکانوں پر سرکاری نرخ نامے سرے سے موجود ہی نہیں ہوتے، جبکہ بعض دکاندار ریٹ لسٹ موجود ہونے کے باوجود اسے ایسی جگہ پر رکھتے ہیں جہاں عام خریدار کے لیے اسے دیکھنا مشکل ہوتا ہے۔
شہریوں کے مطابق خریداری کے دوران جب کسی دکاندار سے اشیا کے سرکاری نرخ یا ریٹ لسٹ کے بارے میں دریافت کیا جاتا ہے تو بعض دکاندار مبینہ طور پر برہمی کا اظہار کرتے ہیں، جبکہ بعض کی جانب سے یہ جواب دیا جاتا ہے کہ ابھی تک مارکیٹ کمیٹی سے ریٹ لسٹ موصول نہیں ہوئی۔
صارفین کا کہنا ہے کہ ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں نہ ہونے کی وجہ سے انہیں روزمرہ خریداری کے دوران اشیائے ضروریہ کے مقررہ نرخوں کے بارے میں واضح معلومات حاصل نہیں ہو پاتیں اور یہ معلوم کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ وہ سرکاری نرخ کے مطابق خریداری کر رہے ہیں یا ان سے زائد قیمت وصول کی جا رہی ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامے کا بنیادی مقصد ہی یہ ہے کہ خریدار دکان پر اشیا کے مقررہ نرخ آسانی سے دیکھ سکیں اور زائد قیمت وصول کیے جانے کی صورت میں اس کا فوری علم ہو سکے۔ ان کے مطابق ریٹ لسٹ کی عدم موجودگی یا اسے غیر نمایاں جگہ پر رکھنے سے صارفین کے حقوق متاثر ہوتے ہیں۔
شہریوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بازاروں کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے اور دودھ، روٹی، سبزی، فروٹ، گوشت سمیت دیگر اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والے دکانداروں کو سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں اور آسانی سے نظر آنے والی جگہ پر آویزاں کرنے کا پابند بنایا جائے، تاکہ صارفین کو مقررہ نرخوں پر خریداری میں سہولت حاصل ہو اور زائد قیمت وصول کرنے کی شکایات کا بھی تدارک کیا جا سکے۔
