جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران خود ساختہ مہنگائی، گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ضلع بھر میں تعینات 29 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مختلف بازاروں، مارکیٹوں اور کاروباری مراکز میں 942 مقامات پر چیکنگ کی۔ اس دوران قانون کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر 13 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
کارروائیوں کے دوران 11 دکانیں سیل کی گئیں جبکہ 62 دوکانداروں پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مزید برآں معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر 282 دکانداروں کو حتمی وارننگ بھی جاری کی گئی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاکہ اشیائے ضروریہ کی سرکاری نرخوں پر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور بلاامتیاز کارروائی کے احکامات دیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا مقصد صرف کارروائیاں کرنا نہیں بلکہ عام شہری کو رمضان المبارک میں حقیقی اور پائیدار ریلیف فراہم کرنا ہے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ گراں فروشی کی صورت میں فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
