بچوں کی صحت مند نشوونما کے لیے حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کرنا ضروری ہے، ڈاکٹر ملک عدیل افتخار اعوان

دینہ: ممتاز چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر ملک عدیل افتخار اعوان نے کہا ہے کہ بچوں کی صحت مند نشوونما، بیماریوں سے بچاؤ اور بہتر زندگی کے لیے حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کرنا نہایت ضروری ہے۔ بچوں میں صفائی ستھرائی اور صحت مند عادات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں صحت کے بنیادی اصولوں کو اپنا سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپر ہینڈز چیریٹی کے زیر انتظام مفت تعلیم فراہم کرنے والے ادارے علامہ اقبال سکول دینہ کے دورے کے موقع پر طلبہ و طالبات اور ٹیچرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ملک عدیل افتخار اعوان نے بچوں کی بڑی تعداد سے گفتگو کرتے ہوئے صحت اور حفظان صحت کے مختلف اصولوں پر سیر حاصل روشنی ڈالی اور انہیں اپنی صحت کا خیال رکھنے کے حوالے سے مفید معلومات فراہم کیں۔

ڈاکٹر عدیل افتخار اعوان کی سکول آمد پر دینہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری اور علامہ اقبال سکولز کے ایڈمن عادل چوہدری نے ان کا استقبال کیا اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا، جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔

آگاہی پروگرام کے دوران ڈاکٹر ملک عدیل افتخار اعوان نے طلبہ کو صحت مند زندگی گزارنے، صفائی ستھرائی کا خیال رکھنے اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بچوں کو صحت سے متعلق معلومات حاصل کرنے اور کسی بھی طبی مسئلے کی صورت میں مناسب رہنمائی لینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

پروگرام کے بعد اساتذہ اور طلبہ و طالبات کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا، جس میں بچوں اور اساتذہ نے صحت سے متعلق مختلف سوالات کیے۔ ڈاکٹر عدیل افتخار اعوان نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے شرکاء کو مفید طبی رہنمائی فراہم کی۔

واضح رہے کہ سپر ہینڈز چیریٹی کے زیر انتظام پاکستان و آزاد کشمیر میں پانچ سکولز قائم ہے، جہاں بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ اس دورے کا مقصد طلبہ میں صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور انہیں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ صحت مند زندگی گزارنے کے بنیادی اصولوں سے روشناس کروانا تھا۔

یاد رہے کہ ممتاز چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر ملک عدیل افتخار اعوان روزانہ صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جی ٹی روڈ دینہ پر مرکزی جامع مسجد کے نزدیک واقع عدیل کلینک میں مریضوں کا معائنہ کرتے ہیں۔

↑
Exit mobile version