جہلم: ضلع جہلم میں افرادِ باہم معذوری کی فلاح و بہبود اور مستحق افراد کی مالی معاونت کے لیے سماجی تنظیم نور ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام دفتر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و بیت المال جہلم میں ایک فلاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ماہم مشتاق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دوران نور ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری چوہدری فرحت کمال ضیاء ایڈووکیٹ نے مستحق افرادِ باہم معذوری میں راشن باکس اور نقد رقم تقسیم کی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر علیم یوسف اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سہیل ناصر بھی موجود تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ماہم مشتاق نے نور ویلفیئر سوسائٹی کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ افرادِ باہم معذوری کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشرے میں بہتر سہولیات کی فراہمی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ایسے افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی معاونت کرنا اور انہیں باعزت زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنا اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے سرکاری اداروں اور سماجی تنظیموں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے اور فلاحی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے مستحق افراد تک امداد پہنچانے اور معاشرے کے محروم طبقات کی مشکلات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
تقریب کے انعقاد کا مقصد مستحق افرادِ باہم معذوری کی ضروریات کو پورا کرنے میں معاونت فراہم کرنا اور فلاحی اداروں کے ذریعے معاشرتی خدمت کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔
