سڑک حادثات صرف ایک لمحے کی لاپرواہی نہیں بلکہ زندگی کا رخ بدل دینے والے سانحات ہیں، انجینئر سعید احمد

جہلم: سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتاز، تمغہ امتیاز) کی ہدایات کے مطابق ریسکیو 1122 جہلم نے سڑک حادثات میں متاثرین کے عالمی دن کے موقع پر ضلع کونسل ہال جہلم میں ایک پروقارتقریب کا انعقاد کیا۔

تقریب کا مقصد سڑک حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی یاد تازہ کرنا، ان کے لواحقین کے غم میں شریک ہونا اور معاشرے میں محفوظ ڈرائیونگ و ٹریفک قوانین کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمٰن نے تقریب کی قیادت کی، جبکہ ڈسٹرکٹ ٹریفک انچارج خرم ستی، مختلف ویلفیئر سوسائٹیز کے صدور، ریسکیو 1122 کے اہلکار و سکاؤٹس، ٹریفک حادثات میں متاثرہ افراد اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھی شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سڑک حادثات صرف ایک لمحے کی لاپرواہی نہیں بلکہ زندگی کا رخ بدل دینے والے سانحات ہیں اور ہر شہری، خصوصاً نوجوان اور ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین کی پاسداری اپنی اخلاقی و سماجی ذمہ داری سمجھنی چاہیے۔ انہوں نے موٹر سائیکل کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

تقریب کے اختتام پر حادثات کے متاثرین کے لیے دعا کی گئی اور شرکاء نے آگاہی واک میں حصہ لیا۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ کالج جی ٹی روڈ جہلم میں بھی ایک پروگرام منعقد ہوا، جس میں طلباء کو روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی دی گئی اور انہیں موٹر سائیکل احتیاط سے چلانے کی ترغیب دی گئی۔

Exit mobile version