دینہ میں عید الاضحیٰ پرجانوروں کی خریدوفروخت کیلئے 2 مویشی منڈیاں قائم

دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ حسین ڈوگر کی زیرِ نگرانی میں جہلم کی تحصیل دینہ میں دو مویشی منڈیوں کا انعقاد کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر آفس جہلم کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تحصیل دینہ میں جی ٹی روڈ ہاکی گراؤنڈ میں کیٹل مارکیٹ کمیٹی کے زیر انتظام مویشی منڈی کا انعقاد کیا گیا ہے جبکہ منگلا روڈ شیخوپور میں بڑے جانوروں کی ایک عالی شان منڈی کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

محکمہ لائیو سٹاک حکومت پنجاب نے سابقہ روایات کے مطابق امسال بھی دونوں مویشی منڈیوں میں جانوروں کے لیے مفت علاج معالجے، چچڑیوں کے خاتمے کے لیے سپرے اور مادہ جانوروں کے حمل ٹیسٹ کی سہولت کا انتظام کیا ہے۔ منڈیوں میں قائم مفت ویٹرنری کیمپ میں محکمہ لائیو سٹاک جہلم کا عملہ مویشی پال بھائیوں کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک تحصیل دینہ ڈاکٹر مسعود حسین نے مویشی منڈیوں کا دورہ کرتے ہوئے مویشی پال بھائیوں سے ملاقات کی اور انہیں محکمہ کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔

مویشی پال بھائیوں نے ضلعی حکومت اور محکمہ لائیو سٹاک کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولیات علاج معالجہ اور دیگر سہولیات کے لیے خوشی اور شکریہ کا اظہار کیا ہے ۔

Exit mobile version