10
دینہ کے نواحی علاقے چک اکا میں تین نوسر باز خواتین اور ایک مرد نے دن دیہاڑے دوکاندار کو چکمہ دے کر 25 ہزار روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ملزمان نے عربی اور انگریزی زبان استعمال کرتے ہوئے دوکاندار کو چالاکی سے دھوکہ دیا۔ پولیس نے متاثرہ کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دن دیہاڑے جہلم کی تحصیل دینہ میں تین خواتین اور ایک مرد کار پر چک اکا میں پہنچے اور دوکاندار عرفان محبوب سے انگریزی اور عربی زبان میں بات کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستان میں سب سے بڑا نوٹ کونسا ہے؟”۔ ملزمان نے دوکاندار سے پانچ ہزار روپے کے پانچ نوٹ دکھانے کو کہا اور وعدہ کیا کہ اسے کھلے پیسے دے دیں گے۔ جیسے ہی دوکاندار نے نوٹ نکالے، ملزمان نے نقدی چھین کر جی ٹی روڈ کی جانب فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ملزمان کار میں سوار ہو کر موقع سے فرار ہو گئے۔ متاثرہ دوکاندار عرفان محبوب کی درخواست پر پولیس تھانہ منگلا کینٹ نے فوری طور پر مقدمہ درج کر لیا اور نوسر باز خواتین اور مرد کی تلاش کے لیے چھاپے اور ناکہ بندی کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ علاقے میں امن و امان برقرار رہ سکے اور شہری محفوظ رہیں۔
