دینہ: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ضلعی انتظامیہ کے حکام کے ہمراہ جہلم میں مختلف پیٹرول پمپس کا دورہ کیا اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی فیول ریلیف اسکیم کے تحت شہریوں کو رعایتی نرخوں پر پیٹرول کی فراہمی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے اسکیم کے تحت جاری رجسٹریشن، ٹوکن کے اجرا اور شہریوں کو فراہم کیے جانے والے ریلیف کے طریقۂ کار کا عملی معائنہ بھی کیا۔
دورے کے دوران وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے پیٹرول پمپس پر موجود شہریوں سے بھی گفتگو کی اور ان سے فیول ریلیف اسکیم کے حوالے سے ان کی آراء اور تجربات معلوم کیے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اسکیم پر عملدرآمد، شہریوں کی رجسٹریشن اور رعایتی پیٹرول کی فراہمی کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں۔
حکام کے مطابق وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگ چی کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر کے کوٹے پر فی لیٹر 100 روپے رعایت فراہم کی جا رہی ہے۔
اسکیم سے مستفید ہونے کے لیے اہل شہری اپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل سم کے ذریعے 9771 پر رجسٹریشن کروا کر ٹوکن حاصل کر سکتے ہیں، جس کے بعد مقررہ طریقۂ کار کے مطابق رعایتی پیٹرول کی سہولت سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
بلال اظہر کیانی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے موجودہ معاشی صورتحال میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔
وزیر مملکت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فیول ریلیف اسکیم کے حوالے سے شہریوں کی مؤثر رہنمائی یقینی بنائی جائے اور اہل افراد کو حکومتی ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ یا غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے اسکیم پر شفاف اور بلا تعطل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔
