جہلم: ڈومیلی موڑ کے قریب اسمگلروں کی اے این ایف اہلکاروں پر فائرنگ، 2 اہلکار اور ایک رضا کار جاں بحق

جہلم/دینہ/سوہاوہ: ڈومیلی موڑ کے قریب جی ٹی روڈ پر منشیات اسمگلروں کی اے این ایف کے اہلکاروں پر فائرنگ، دو اہلکاروں اور ایک رضا کار جاں بحق ہو گئے، لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ترقی ٹول پلازہ پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ناکہ لگا رکھا تھا کہ اے این ایف اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو منشیات اسمگلروں نے گاڑی بھگا دی۔

ڈومیلی موڑ کے قریب ملزمان نے گاڑی روک کر تعاقب میں آنے والی اے این ایف کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجہ میں ہیڈکانسٹیبل گلزار احمد اور ہیڈکانسٹیبل ذیشان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ پرائیویٹ اہلکار (رضاکار) مظہر حسین کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا.

ملزمان فائرنگ کے بعد گاڑی چھوڑ کر قریبی جنگل میں فرار ہو گئے. پولیس کی بھاری نفری نے علاقہ کی ناکہ بندی کر لی ہے اور سمگلروں کا تعاقب جاری ہے ، سمگلروں کی گاڑی اور منشیات تحویل میں لے لی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اے این ایف نے شہزاد نامی کار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جس نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ کھاریاں کے بلال نامی شخص نے اسکی کار بک کی۔

ریسکیو 1122 نے تین افراد کی لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کردیا۔

Exit mobile version