جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے تحصیل آفس جہلم کا اچانک دورہ کیا اور عملے کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری جواب طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے صبح سویرے تحصیل آفس کا دورہ کیا جہاں تحصیلدار، نائب تحصیلدار سمیت دفتر کا تمام عملہ ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیا۔ اس صورتحال پر ڈپٹی کمشنر نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے افسران سے وضاحت طلب کی۔
اس موقع پر انہوں نے دفتر میں موجود سائلین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو سہولیات فراہم نہ کرنے والے افسران کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اوقات کار کی پابندی ہر صورت لازم ہے اور غیر حاضری یا دیر سے آنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت میں غفلت برتنے والے افسران کا سخت محاسبہ کیا جائے گا۔
