جہلم کی سبزی و فروٹ منڈی میں نوسربازی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے چھوٹے دکانداروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا، جہاں ایک بیوپاری کی جانب سے دھوکہ دہی کا حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے۔
سبزی و فروٹ منڈی کے صدر چوہدری مظہر اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ منڈی میں نوسرباز بیوپاری سرگرم ہو چکے ہیں جو مختلف حیلوں بہانوں سے دکانداروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 12 کلو والی امرود کی ٹوکری خریدی، تاہم جب ٹوکری کھولی گئی تو اس کی نچلی تہہ میں تقریباً پانچ کلو پتھر رکھے گئے تھے، جس سے انہیں شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ امرود کا سرکاری نرخ 140 روپے فی کلو مقرر ہے، مگر اس دھوکہ دہی کے باعث انہیں یہ فروٹ 200 روپے فی کلو سے بھی زائد میں پڑا، جو سراسر زیادتی اور بددیانتی ہے۔
چوہدری مظہر اقبال نے کہا کہ اس قسم کی نوسربازی نہ صرف چھوٹے تاجروں کا استحصال ہے بلکہ منڈی کے نظام پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مارکیٹ کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کو فوری طور پر بلیک لسٹ کیا جائے اور سخت نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔
دوسری جانب دکانداروں نے بھی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ منڈی میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ کاروباری طبقہ محفوظ ماحول میں اپنا روزگار جاری رکھ سکے۔
