سوہاوہ: بھاٹی کےمکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک تعمیر کر لی، ایک کلومیٹر سڑک کا شاندار افتتاح

سوہاوہ: پدھری کے علاقے بھاٹی میں اہلِ علاقہ نے عوامی اتحاد اور خود انحصاری کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت تقریباً 20 لاکھ روپے کی لاگت سے ایک کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کر لی۔

سڑک کی تعمیر مکمل ہونے پر باقاعدہ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کی بزرگ شخصیات، اہلِ علاقہ اور دیگر نمایاں شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

افتتاحی تقریب میں علاقے کی بزرگ شخصیات نے اپنے دستِ مبارک سے فیتہ کاٹ کر سڑک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اہلِ علاقہ کی جانب سے تعمیراتی منصوبے کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کیا گیا اور اسے علاقے کی بنیادی ضرورت پوری کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماسٹر عرفان، صداقت علی، ماسٹر ساجد اور ڈاکٹر اشفاق سمیت دیگر مقررین نے مہمانوں اور اہلِ علاقہ کا شکریہ ادا کیا۔ مقررین نے کہا کہ بھاٹی بالا، بھاٹی زیر اور گردونواح کے غیور مکینوں کے مالی و اخلاقی تعاون سے اہم سڑک کی تعمیر کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا ہے۔

مقررین کے مطابق سڑک کی عدم دستیابی کے باعث سکول و کالج جانے والے طلباء اور دفاتر جانے والے ملازمین کو بالخصوص بارش کے دنوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ کچے راستے پر کیچڑ کے باعث آمدورفت دشوار ہو جاتی تھی، تاہم نئی سڑک کی تعمیر سے یہ مسئلہ بڑی حد تک حل ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر کام کے لیے کسی دوسرے کا انتظار کرنے کے بجائے اہلِ علاقہ کو اسی طرح باہمی اتحاد اور تعاون کے ساتھ اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ اجتماعی کوششوں سے نہ صرف مسائل حل کیے جا سکتے ہیں بلکہ علاقے میں ترقی کا عمل بھی تیز کیا جا سکتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر علاقے کی ترقی، امن و سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کی تعمیر کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے علاقے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

Exit mobile version