پنڈدادنخان: یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں پی بی ایف انٹرنیشنل کالج اسلام آباد کے طلباء و طالبات نے تقاریراور کشمیری کلچر پر مبنی ٹیبلو، ملی نغمے پیش کئے۔
اس موقع پر پرنسپل سارہ محسن نے کشمیر کے ساتھ پاکستان کے ثقافتی، مذہبی، معاشرتی رشتوں کا ذکر کیا اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار سے طالبعلموں کو آگاہی دی۔
پرنسپل سارہ محسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر ڈیڑھ کروڑ انسانوں کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، یہ پاکستان کی آزادی، سلامتی و استحکام کا مسئلہ ہے۔ اس سے صرف نظر کرنا پاکستان کے وجود سے دستبردار ہونے کے مترادف ہے، اس وجہ سے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا جاتا ہے اور شہ رگ کے کٹ جانے سے باقی وجود بھی ختم ہو جاتا ہے۔ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ کشمیر میں رائے شماری کرائے تاکہ مظلوم کشمیریوں کی قسمت کا فیصلہ ہوسکے۔
تقریب سے سینئر فزکس ٹیچر ملک رزاق احمد اور اردو زبان و ادب کے سینئر استاد آکاش علی مغل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کشمیر کے بارے میں یہ موقف کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے ،ایک اصولی مؤقف ہے۔
