جہلم میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے صارفین کی زندگیاں اجیرن بنا دی

جہلم شہر اور گردونواح میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہنے سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ خصوصاً رات کے اوقات میں طویل بجلی بندش کے باعث شہریوں کی نیند، سکون اور معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

شہریوں کے مطابق آئیسکو سرکل جہلم کے اربن اور سول لائن سب ڈویژنز سمیت مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے بجلی کی بار بار اور طویل بندش جاری ہے۔ شدید گرمی اور حبس کے باعث شہری راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں، جبکہ بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش سے گھریلو امور کے علاوہ پانی کی موٹریں، برقی آلات اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ شہریوں نے شکوہ کیا کہ وہ بجلی کے بھاری بل باقاعدگی سے ادا کر رہے ہیں، اس کے باوجود انہیں مسلسل بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔

شہریوں نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، وفاقی وزیر برائے توانائی اور وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم میں جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے، بجلی کی بندش کا واضح شیڈول جاری کیا جائے اور بلاجواز طویل تعطل کا سلسلہ ختم کرکے صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

Exit mobile version