جہلم: ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جہلم چوہدری محمد طارق نے کہا ہے کہ ضلع جہلم کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کھیلوں کے فروغ کے لیے اس قدر جامع، موثر اور انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے ریکارڈ فنڈز، جدید سپورٹس سامان اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان تاریخی اقدامات کا تمام تر کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی اور وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کو جاتا ہے، جنہوں نے ضلع جہلم کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کے روشن مستقبل کو ترجیح دیتے ہوئے کھیلوں کے فروغ کے لیے ریکارڈ فنڈز کی منظوری دلوائی اور اس شعبے میں ایک نئی تاریخ رقم کی۔
چوہدری محمد طارق نے کہا کہ جدید سپورٹس سہولیات اور معیاری سامان کی فراہمی سے ضلع جہلم کے باصلاحیت نوجوانوں کو پہلی مرتبہ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے ایسے مواقع میسر آ رہے ہیں، جو نہ صرف ان کی کھیلوں کی استعداد کو بہتر بنائیں گے بلکہ انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع بھی فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدانوں کی بہتری، جدید سہولیات کی فراہمی اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی سے ضلع جہلم میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، جبکہ نئی نسل منفی رجحانات سے دور رہتے ہوئے مثبت سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے سکے گی۔
ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نے مزید کہا کہ ضلع جہلم کے نوجوان، کھلاڑی اور کھیلوں سے وابستہ حلقے مشیر وزیراعلیٰ پنجاب میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی خصوصی توجہ اور عملی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ مستقبل میں بھی کھیلوں کی ترقی اور نوجوانوں کی فلاح کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
