دینہ کے علاقہ ہڈالی کھوکھر روڈ پر شارٹ سرکٹ کے باعث ایک غریب محنت کش کے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آتشزدگی کے نتیجے میں بیٹی کے جہیز کا سامان سمیت گھر میں موجود تمام اشیاء جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئیں جبکہ مجموعی نقصان کی مالیت 20 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
صبح تقریباً ساڑھے دس بجے محنت کش محمد رئیس ولد سید گل کے گھر میں بجلی کے شارٹ سرکٹ سے آگ لگی، جو تیزی سے پھیل گئی۔ آگ کے باعث گھر میں موجود دو تولے طلائی زیورات، نقدی، برتن، قیمتی کپڑے، الماریاں، بستر اور دیگر گھریلو سامان مکمل طور پر جل گیا۔
متاثرہ خاندان کے مطابق رمضان المبارک کے بعد بیٹی کی شادی طے تھی اور جہیز کا تمام سامان گھر میں موجود تھا جو آتشزدگی کی نذر ہو گیا۔
ایک گھنٹے سے زائد وقت تک آگ بے قابو رہی، تاہم ریسکیو 1122 اور اہلِ علاقہ کی مشترکہ کوششوں سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم متاثرہ خاندان اپنی تمام جمع پونجی سے محروم ہو گیا۔
متاثرہ محمد رئیس نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا سب کچھ جل کر راکھ ہو چکا ہے اور اب ان کے پاس کچھ بھی نہیں بچا۔ انہوں نے حکومتِ پنجاب بالخصوص مریم نواز شریف اور دیگر حکومتی نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں ان کی مدد کریں تاکہ وہ دوبارہ زندگی کی گاڑی کو پٹری پر لا سکیں۔
اہلِ علاقہ اور سماجی حلقوں نے بھی ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندان کی فوری مالی امداد کی جائے اور انہیں عارضی رہائش و بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ غریب محنت کش خاندان کو اس سانحے کے اثرات سے نکالا جا سکے۔
