سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور اسسٹنٹ کمشنر/سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر (پیرا) غزالہ اصغر کی خصوصی ہدایات پر پیرا فورس نے ڈومیلی اور مغل آباد کے علاقوں میں مختلف کاروباری مراکز کے خلاف انفورسمنٹ کارروائیاں کرتے ہوئے ایک پٹرول پمپ کو مبینہ خلاف ورزی پر سیل کر دیا جبکہ متعدد دکانداروں کو سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد کی ہدایت جاری کی گئی۔
جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے مغل آباد میں موصول ہونے والی عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے انفورسمنٹ آفیسرز محمد سلیمان اور شاہنواز نے متعلقہ پٹرول پمپ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انتظامیہ کے مطابق معائنے کے دوران خلاف ورزی سامنے آنے پر پٹرول پمپ کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا اور مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
اس دوران پیرا فورس نے ڈومیلی اور مغل آباد میں چکن شاپس، کریانہ اسٹورز اور روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش فروخت کرنے والی دکانوں کا بھی معائنہ کیا۔ انفورسمنٹ ٹیم نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری نرخناموں پر سختی سے عمل کریں، معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں اور صارفین کے حقوق کا مکمل تحفظ کریں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی شخص کو قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوامی مفاد کا تحفظ، ناجائز منافع خوری کا خاتمہ اور قانون کی بالادستی اولین ترجیح ہے، جبکہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے بلاامتیاز انفورسمنٹ کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔
