سوہاوہ: سابق فیڈرل سیکرٹری ندیم ارشاد کیانی کی وساطت سے ڈومیلی میں ایک روزہ فری آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے بھر سے آنکھوں کے امراض میں مبتلا 200 سے زائد مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا۔ کیمپ کے انعقاد کا مقصد دور دراز علاقوں کے عوام کو ان کی دہلیز پر آنکھوں کے علاج اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی تھا۔
فری آئی کیمپ ڈاکٹر فہد جاوید مرزا، وجاہت اظہر کیانی اور ڈاکٹر منیر کی زیرِ نگرانی منعقد ہوا، جہاں ماہرینِ امراضِ چشم نے کیمپ میں آنے والے مریضوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور ان کی آنکھوں کے مسائل کے حوالے سے ضروری طبی مشورے فراہم کیے۔
کیمپ کے دوران مستحق مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں، جس پر مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ نے خوشی کا اظہار کیا۔ شہریوں نے فری آئی کیمپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے منتظمین اور معاونین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے کیمپ بالخصوص ان علاقوں کے لوگوں کے لیے انتہائی مفید ہیں جہاں ماہر ڈاکٹرز اور طبی سہولیات تک رسائی محدود ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ندیم ارشاد نے کہا کہ ایسے فلاحی طبی کیمپ دور دراز علاقوں کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ ضرورت مند افراد کو بروقت طبی معائنہ، علاج اور ضروری ادویات کی سہولت میسر آ سکے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ ڈومیلی جیسے دور دراز علاقے میں فری آئی کیمپ کا انعقاد ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے بڑی تعداد میں مریضوں کو فائدہ پہنچا۔ شہریوں نے اس طرح کے مزید فلاحی طبی کیمپ مستقبل میں بھی منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
