جہلم کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لیے انتظامیہ متحرک، جی ٹی روڈ سمیت گرین بیلٹس کی بحالی و صفائی کا کام تیز

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر شہر کو مثالی، دیدہ زیب، صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے اپنی کوششیں مزید تیز کر دی ہیں۔

حکومت پنجاب، بالخصوص وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں شہر کی سڑکوں، گلی محلوں کی صفائی، سڑکوں کی بہتری، نکاسی آب کے نالوں کی تعمیر و مرمت اور گرین بیلٹس کی بحالی سمیت شہری خوبصورتی کے مختلف منصوبوں پر عملی اقدامات جاری ہیں، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے سمارٹ لاک ڈاؤن پر بھی سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر جی ٹی روڈ سمیت ضلع بھر میں گرین بیلٹس کی بحالی، صفائی اور خوبصورتی کو بہتر بنانے کے لیے ستھرا پنجاب اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی ٹیمیں اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں متحرک ہیں۔ اہم شاہراہوں اور شہری علاقوں میں گرین بیلٹس کی صفائی، جھاڑیوں کی کٹائی، کچرے کی تلفی اور مجموعی حالت کو بہتر بنانے کے لیے باقاعدگی سے کام جاری ہے۔

بحالی کے اقدامات کے دوران بالخصوص جی ٹی روڈ سے ملحقہ گرین بیلٹس کو صاف ستھرا، سرسبز اور خوبصورت بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پودوں کی دیکھ بھال، تراش خراش، شجرکاری اور صفائی کے کام منظم انداز میں جاری ہیں، تاکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم شاہراہوں کا مجموعی منظر مزید خوبصورت بنایا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی بہتری اور نکاسی آب کے نالوں کی تعمیر و مرمت پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے مسائل میں بھی بہتری لائی جا سکے۔

اسسٹنٹ کمشنرز متعلقہ ٹیموں کی فیلڈ سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور صفائی و خوبصورتی کے جاری کام کے معیار، رفتار اور تسلسل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی کو بہتر بنانا صرف ایک وقتی سرگرمی نہیں بلکہ اس سلسلے میں مستقل بنیادوں پر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ جی ٹی روڈ اور شہری علاقوں کی صفائی و خوبصورتی ضلع کے مجموعی منظر کو بہتر بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ صفائی اور گرین بیلٹس کی بحالی کے کام میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور فیلڈ میں جاری سرگرمیوں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے۔

انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ گرین بیلٹس، سڑکوں اور دیگر عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے سے گریز کریں، پودوں اور سرکاری املاک کا خیال رکھیں اور صفائی و خوبصورتی کے اقدامات کو کامیاب بنانے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ اور شہریوں کے باہمی تعاون سے جہلم کو صاف، سرسبز، خوبصورت اور مثالی شہر بنایا جا سکتا ہے۔

↑
Exit mobile version