پی بی ایف انٹرنیشنل کالج اور ایس او ایس فاؤنڈیشن کے زیراہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں طلباء وطالبات سمیت ملک کے نامور نعت خوانوں نے ہدیہ نعت پیش کیا جبکہ مذہبی سکالرز نے سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے مہمان خصوصی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے سیرت النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دنیائے فانی میں ایک پسندیدہ کامل زندگی گزارنے کے لیے ا للہ رب العزت نے اسلام کو نظام حیات اور رسول اللہ ﷺ کو نمونہ حیات بنایا ہے۔ وہی طریقہ اسلامی طریقہ ہوگا جو رسول اللہ ﷺ سے قَولاً فِعلاً منقول ہے۔
پرنسپل پی بی ایف انٹرنیشنل کالج سارہ محسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام سچا،قابل عمل اور موجب امن ہے۔آپ ﷺ کی ذات کو قادر مطلق اور حکیم و خیبر ذات نے اسوہ حسنہ قرار دیا۔آپ ﷺ سراپا عبدیت، سراپا شرافت، سراپا معرفت، سراپا علم، سراپا حسن و جمال، سراپاصداقت، سراپاشجاعت، سراپا حکمت، سراپا اخوت اور سراپا رحمت نظر آتے ہیں۔
کانفرنس کے اختتام پرچیف سکیورٹی آفیسر ایس او ایس فاونڈیشن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سوچنا ہوگا رسول اکرم ﷺ جس مقام پر ہمیں کھڑا کر کے گئے تھے ہم اس سے ہٹ تو نہیں رہے ہیں۔ آج سے ہی ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ ایمان وعمل والی زندگی بسر کرنی ہے۔بدعقیدگی بداعمالی سے دور رہنا ہے۔
