جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز و ناکہ بندی کے دوران غیرقانونی طور پر مقیم پانچ افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں سکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کی گئی، جس کے دوران سینکڑوں افراد اور گھروں کی چیکنگ کی گئی جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم 5 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے ضلع بھر میں 16 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کرتے ہوئے 410 افراد اور 157 گھروں کی چیکنگ کی۔ دورانِ آپریشن تھانہ صدر کے علاقہ سے غیر قانونی طور پر مقیم 5 افغان شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ سرچ آپریشنز دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے کیے گئے ہیں تاکہ ضلع میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات کا مقصد دہشت گرد عناصر کی نقل و حرکت کی روک تھام اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اطلاع دینے والے شہری کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کا تعاون امن و امان کے قیام کے لیے نہایت اہم ہے اور اس کے ذریعے معاشرے کو محفوظ بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
