جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مبینہ خود ساختہ مہنگائی اور ناجائز منافع خوری عروج پر پہنچ گئی، جہاں دودھ، سبزیاں، پھل اور روٹی سمیت روزمرہ استعمال کی اشیاء سرکاری نرخوں سے زائد قیمتوں پر فروخت ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
شہریوں کے مطابق سرکاری نرخ 200 روپے فی لٹر مقرر ہونے کے باوجود دودھ 220 روپے فی لٹر فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ 14 روپے والی روٹی 20 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔
شہریوں نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا اور کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ انتظامیہ منافع خوروں سے سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کروانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔
عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے گراں فروشوں کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو ناجائز منافع خوری اور خود ساختہ مہنگائی سے ریلیف مل سکے۔
