پنڈدادنخان: تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان میں ستمبر 2026 کے دوران عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہا، جس کے تحت مختلف طبی شعبہ جات میں مجموعی طور پر 19 ہزار 707 مریضوں کو علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ ہسپتال میں 115 جنرل سرجریز بھی انجام دی گئیں۔
ہسپتال کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق ستمبر کے دوران ایمرجنسی میں 7 ہزار 350، جنرل او پی ڈی میں 6 ہزار 971، پیڈیاٹرکس او پی ڈی میں 2 ہزار 838، گائنی او پی ڈی میں 1 ہزار 762 جبکہ سرجری او پی ڈی میں 768 مریضوں کا علاج کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ہسپتال کے ہیپاٹائٹس کلینک میں 364 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جن میں سے 63 مریضوں کے ٹیسٹ مثبت رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح ٹی بی کلینک میں 85 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 6 مریض رجسٹرڈ کیے گئے۔
ماہانہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق EPI ویکسینیشن کے تحت 346 افراد کو ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی گئی۔ ڈلیوری سروسز کے تحت 93 سیزرین اور 62 نارمل ڈیلیوریز (SVDs) کرائی گئیں، جبکہ 154 فیملی پلاننگ سروسز بھی فراہم کی گئیں۔
دیگر طبی سہولیات کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر کے دوران 412 ECG، 1005 X-Ray، 650 NCD انسولین جاری کرنے کی خدمات، 45 میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس، 28 اسکریننگ رجسٹریشنز اور 41 میڈیکل لیگل کیسز پر طبی خدمات فراہم کی گئیں۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق عوام کو بروقت، معیاری اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ انتظامیہ کی جانب سے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو علاج کے لیے غیر ضروری طور پر دیگر مراکز صحت کا رخ نہ کرنا پڑے۔
