جہلم میں منشیات فروشوں کی پولیس پر فائرنگ سے کانسٹیبل شدید زخمی ہو گیا، پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او جہلم کا نوٹس، ڈی ایس پی صدر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے تھانہ صدر کے علاقہ ٹاہلیانوالہ میں منشیات فروش ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس نے ریڈ کیا تو منشیات فروشوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں کانسٹیبل عمر بٹ شدید زخمی ہو گیا۔
کانسٹیبل عمر جاوید نے انتہائی جوانمردی سے مسلح ملزمان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، زخمی کانسٹیبل عمر بٹ کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کردیا گیا، پولیس نے ایک ملزم کو موقع سے گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ تھانہ صدر کے علاقہ میں دوران ریڈ ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی ہے۔
ڈی پی او جہلم واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے، زخمی کانسٹیبل کی عیادت کی اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال کو زخمی کانسٹیبل کے بہترین علاج معالجہ کی ہدایات کیں۔
