جہلم: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) جہلم کی جنرل باڈی کا اہم اجلاس جم خانہ کلب سول لائنز جہلم میں صدر ڈاکٹر ساجد علی ڈوگہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں تنظیم کے آئین میں مجوزہ ترامیم پر تفصیلی غور کے بعد بیشتر ترامیم کثرتِ رائے سے منظور کر لی گئیں۔ اجلاس میں ڈاکٹروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز ڈاکٹر مشتاق احمد نے تلاوتِ قرآن پاک سے کیا، جبکہ مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ بعد ازاں ڈاکٹر توقیر احمد نے جنرل باڈی کے سامنے پی ایم اے کے قانون میں مجوزہ آئینی ترامیم باری باری پیش کیں، جن پر اراکین نے اظہارِ خیال کیا۔ اجلاس میں شریک اراکین کی اکثریت نے بیشتر ترامیم کی منظوری دے دی۔
اس موقع پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ایم اے جہلم ڈاکٹرز کمیونٹی کے فلاحی پروگراموں کے انعقاد اور طبی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
صدر پی ایم اے جہلم ڈاکٹر ساجد علی ڈوگہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اپنے قابلِ احترام سینئرز کی حمایت اور رہنمائی پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ سینئرز نے ہر قدم پر اپنے وسیع تجربے اور مشاہدے کی روشنی میں رہنمائی فراہم کی، جو ان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی ادارے کی بہتری اور ترقی کے لیے سینئرز کی خدمات اور رہنمائی حاصل کی جاتی رہے گی۔
اجلاس میں دونوں گروپس کے اراکین نے بھرپور شرکت کی اور اتحاد، باہمی احترام اور میڈیکل برادری کی اجتماعی ترقی کے لیے مثبت عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمجید نے میڈیکل کالج کے حوالے سے جاری مہم کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ بعد ازاں ڈاکٹر عترت بخاری کو ایم سی پی ایس (MCPS) کا امتحان پاس کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں مہمانوں کی حیثیت سے سینئر فیملی فزیشن ڈاکٹر منیر اعظم، نائب صدر پی ایم اے پنجاب ڈاکٹر امجد حسین، ڈاکٹر ارشد کیانی، پی ایم اے جہلم کے سابق صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، ڈاکٹر سعید انور، ڈاکٹر عدنان نجب، ڈاکٹر عصمت جاوید، ڈاکٹر شہزانہ امتیاز، ڈاکٹر نصیر احمد، ڈاکٹر غفور ملک، ڈاکٹر تفسیر گوندل، ڈاکٹر اعجاز شیخ اور ڈاکٹر آمنہ وائیں سمیت ڈاکٹروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
