مکہ مکرمہ: سعودی عرب نے حج و عمرہ خدمات کیلئے عارضی ورک ویزہ سے متعلق نئے ضوابط جاری کردیئے۔
مملکت کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ نے حج وعمرہ کے شعبے میں بیرون ملک سے عارضی کارکنوں کی درآمد کے لیے ویزوں کے اجراء کے لائحہ عمل کی منظوری دی ہے جس کا مقصد خدمات کے معیار کو بہتر کرنا ہے، ان ضوابط کی منظوری سے نجی سیکٹر کو بھی فائدہ ہوگا۔
اس ضمن میں سعودی وزارت افرادی قوت نے بتایا ہے کہ کابینہ کی جانب سے لائحہ عمل کی منظوری سے سیزنل ویزوں کے ضوابط میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن کے تحت ویزوں کی مدت میں بھی توسیع کردی گئی ہے، سیزنل ویزے ماہ شعبان سے جاری ہوں گے جو اسلامی سال کے پہلے مہینے محرم کے آخر تک کارآمد رہیں گے۔
سیزنل ویزوں کے اجراء سے متعلق ضوابط میں کہا گیا ہے کہ آجر و اجیر کے مابین ورکنگ ایگریمنٹ کیا جائے گا، کارکن کے لیے میڈیکل انشورنس فراہم کرنا ضروری ہوگا کیوں کہ یہ ویزہ کے اجراء کے لیے لازمی شرط ہے، بڑی کمپنیوں کو اپنے کام کے حساب سے سیزنل ویزہ کی مدت میں مزید توسیع کی سہولت دی گئی ہے۔
سعودی وزارت افرادی قوت کا مزید کہنا ہے ابتدائی طور پر اس ویزہ کی مدت 90 روز ہوگی جس میں مزید 90 دن کی توسیع ممکن ہے، اس کے ساتھ ہی ان ویزوں کے غلط استعمال کے حوالے سے بھی نگرانی کا سخت نظام رکھا گیا ہے جس کے تحت کسی بھی خلاف ورزی پر متعلقہ کمیٹی ایکشن لے گی، ضوابط پر عمل درآمد نئی ترمیم کے اعلان کے 180 دن بعد کیا جائے گا۔
