پنڈدادنخان: رمضان المبارک کے دوران تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کام کرنے والے سینٹری ورکرز شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ ملازمین نے تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج کرتے ہوئے حکام سے فوری ادائیگی کا مطالبہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق آر ڈبلیو ایم سی کے سینٹری ورکرز اور دیگر عملے کو رواں ماہ کی تنخواہیں تاحال ادا نہیں کی گئیں جس کے باعث وہ شدید مالی پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں گھریلو اخراجات بڑھ جاتے ہیں اور تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے ان کے لیے روزمرہ ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
چند ملازمین نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اگر جلد تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو وہ کام بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے جس کے باعث شہر میں صفائی کا نظام بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
سینٹری ورکرز نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی تنخواہیں فوری طور پر جاری کی جائیں تاکہ وہ رمضان المبارک میں اپنے گھریلو اخراجات پورے کر سکیں اور صفائی کا نظام بھی متاثر نہ ہو۔
