1
پڑی درویزہ/ سوہاوہ: انڈس کالج آف میڈیکل ٹیکنالوجی اینڈ الائیڈ ہیلتھ کی جانب سے سوشل میڈیا پر نرسنگ پروگرام کے حوالے سے ایک اشتہار شائع کیا گیا، تاہم اشتہار میں دیے گئے رابطہ (موبائل) نمبر اور ای میل ایڈریس مکمل طور پر غیر مؤثر نکلے، جس کے باعث امیدواروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل سوشل میڈیا پر شائع ہونے والے اشتہار میں بتایا گیا کہ انڈس کالج آف میڈیکل ٹیکنالوجی اینڈ الائیڈ ہیلتھ کے تعاون سے چھ ماہ کے نرسنگ پروگرام کے لیے درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں، جن کی آخری تاریخ 30 جنوری مقرر ہے۔ اشتہار میں یہ بھی ہدایت دی گئی کہ درخواست فارم ہنر فاؤنڈیشن کے دفاتر سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
تاہم جب امیدواروں نے ہنر فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ پر درخواست فارم تلاش کرنے کی کوشش کی تو فارم دستیاب نہ مل سکا۔ مزید برآں اشتہار میں دیے گئے رابطہ نمبر 03040495730 پر بارہا کال کی گئی مگر نمبر مسلسل بند پایا گیا۔ اسی طرح جب آن لائن رجسٹریشن کے لیے اشتہار میں فراہم کردہ ای میل ایڈریس [email protected] پر معلومات کے حصول کے لیے ای میل ارسال کی گئی تو جواب موصول ہوا کہ مذکورہ ای میل ایڈریس موجود یا فعال ہی نہیں ہے۔
اس صورتحال کے باعث پاکستان کے مختلف اور دور دراز علاقوں سے نرسنگ پروگرام میں شمولیت کے خواہشمند امیدوار شدید ذہنی پریشانی کا شکار ہیں۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی ملک میں بے روزگاری کی شرح تشویشناک ہے اور ایسے غیر واضح و غیر مؤثر اشتہارات نوجوانوں کو مزید مایوسی اور مشکلات سے دوچار کر رہے ہیں۔
امیدواروں اور شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، متعلقہ اداروں کو واضح اور مؤثر معلومات فراہم کرنے کا پابند بنایا جائے اور غیر ذمہ دارانہ اشتہارات شائع کرنے یا غلط رابطہ معلومات دینے والوں کے خلاف واقعی انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ بے روزگار نوجوانوں کو بلا وجہ پریشانی اور بھول بھلیوں میں نہ ڈالا جائے۔
