جہلم میں چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث موٹو گینگ کی 2 خواتین سمیت 3 ملزمان گرفتار، زیورات و نقدی برآمد

جہلم میں پولیس نے چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث موٹو گینگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2 لیڈی ملزمان سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن کے قبضے سے چوری شدہ قیمتی زیورات اور نقدی برآمد کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ سول لائنز اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے موٹو چور گینگ کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا، گرفتار ملزمان میں 2 خواتین اور ایک مرد شامل ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان سے ایک تولہ سونے کی انگوٹھی، جس کی مالیت 5 لاکھ 5 ہزار روپے بتائی جاتی ہے، چاندی کا بریسلیٹ مالیتی ایک لاکھ 50 ہزار روپے اور 21 ہزار روپے نقدی برآمد کی گئی۔ برآمد شدہ مال کی مجموعی مالیت 6 لاکھ 55 ہزار روپے بنتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور انہیں ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان سے مزید انکشافات کی بھی توقع ہے، جن کی روشنی میں مزید کارروائیاں عمل میں لائی جا سکتی ہیں۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Exit mobile version