جہلم کی کچہری میں عید سے قبل جذباتی مناظر، ناراض والدین کے بچے غمگین

جہلم: عید الفطر کے موقع پر ضلعی عدالتوں کے ججز کی ہدایات پر کچہری میں والدین کی بچوں سے ملاقاتیں کرانے کیلئے الگ سے کمرے مختص کئے گئے تھے جہاں پر رمضان المبارک کے شروع ہونے سے گزشتہ روز تک درجنوں سے زائد والدین کی بچوں سے ملاقاتیں کروائی گئیں۔

مخصوص کمروں میں عدالتی عملے کی موجودگی میں والدین اپنے بچوں سے ملاقاتیں کرتے رہے، والدین نے بچوں سے ملاقات کیلئے عدالتوں میں درخواستیں دائرکررکھی تھیں جس پر عدالتوں نے احکامات دیئے ملاقات کے اوقات 2 سے 3 گھنٹے مختص کئے گئے تھے۔ بچوں سے ملنے والے والدین اپنے پیارے بچوں کیلئے تحائف اور کھانے پینے کی اشیاء لے کر آتے رہے۔

متعدد میاں بیوی کی آپس میں ناراضگی چل رہی تھی اور متعدد کی علیحد گی بھی ہو چکی ہے اور ان میں سے کئی بچے والد کے پاس ہوتے ہیں اور کئی بچے اپنی ماؤں کے پاس ہوتے ہیں۔ جن سے ملاقات کیلئے الگ الگ درخواستیں دائر کی جاتی رہیں اور عدالت ملاقات کیلئے دن اور وقت کا تعین کرتی جب ملاقات کا وقت ختم ہوتا ہے تو کئی مائیں اور باپ اپنے بچوں سے بچھڑنے کے وقت دھاڑیں مار کر روتے دکھائی دیئے اور واپس اپنے اپنے گھروں کوطرف روانہ ہو گئے۔

Exit mobile version