جہلم: ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے کہا ہے کہ گوشت اللہ تعالیٰ کی ایک بڑی نعمت ہے، اسے ضرور استعمال کریں مگر اعتدال اور احتیاط کے ساتھ تاکہ عید کی خوشیاں بیماریوں میں تبدیل نہ ہوں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ جہلم ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے اپنے بیان میں کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر گوشت خوری میں اعتدال اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ ضرورت سے زیادہ گوشت کھانے سے معدے کی تیزابیت، بدہضمی، انتڑیوں کی بیماریاں، پیچش اور دیگر طبی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امراضِ قلب، بلند فشار خون، یورک ایسڈ، جوڑوں کے درد اور شوگر کے مریض خصوصی احتیاط کریں کیونکہ سرخ گوشت (ریڈ میٹ) کا زیادہ استعمال کولیسٹرول میں اضافے اور دیگر صحت کے مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔
ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے مشورہ دیا کہ گوشت کو مکمل طور پر اچھی طرح پکا کر استعمال کیا جائے تاکہ یہ آسانی سے ہضم ہو سکے اور صحت کے لیے نقصان دہ نہ ہو۔
سی ای او ہیلتھ نے مزید کہا کہ تیز مرچ مصالحوں اور چکنائی والی غذاؤں کے زیادہ استعمال سے گریز کیا جائے جبکہ گوشت کے ساتھ سلاد، سبزیاں اور پانی کا مناسب استعمال بھی معمول کا حصہ بنایا جائے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ عید کے ایام میں متوازن غذا، صفائی اور احتیاطی تدابیر کو اپنائیں تاکہ صحت مند رہتے ہوئے عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں منائی جا سکیں۔
