سوہاوہ: پٹرولنگ پولیس مسہ کسوال نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کی بڑی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق پٹرولنگ پولیس مسہ کسوال کے انچارج عدنان چوہدری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سوہاوہ جی ٹی روڈ پر ناکہ بندی کرتے ہوئے راولپنڈی سے لاہور جانے والے لوڈر رکشہ کے خفیہ خانوں سے 30 کلو منشیات برآمد کر کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تین ملزمان نے لوڈر رکشہ کے خفیہ خانے میں 19 کلو 500 گرام افیون اور 11 کلو گردہ نما چرس چھپا رکھی تھی۔
ملزمان منشیات کو لاہور سمگل کر رہے تھے جن کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، پکڑی گئی 30 کلو گرام منشیات کی قیمت کروڑوں روپے بنتی ہے۔
ملزمان کو پولیس تھانہ سوہاوہ کے حوالے کر دیا گیا جہاں ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
