دینہ میں ڈی مارٹ کے قریب فائرنگ، نوجوان لڑکی جاں بحق، ملزم موٹر سائیکل پر فرار

دینہ میں ڈی مارٹ کے قریب نامعلوم شخص نے فائرنگ کر کے نوجوان لڑکی کو قتل کر دیا، ملزم موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں جی ٹی روڈ پر ڈی مارٹ کے قریب گکھڑ پلازہ کے سامنے فائرنگ کے واقعہ میں ایک نوجوان لڑکی جاں بحق ہوگئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتولہ اپنی فیملی کے ہمراہ آئس کریم کھانے کے لیے مارٹ پر آئی تھی کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار ملزم نے اسے دیکھ کر فائرنگ کردی۔

ذرائع کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر لڑکی پر دو فائر کیے، جس کے بعد وہ جان بچانے کے لیے بھاگ کر پلازے کی جانب گئی، تاہم ملزم نے اس کا تعاقب کرتے ہوئے دوبارہ فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں لڑکی شدید زخمی ہوگئی اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق مقتولہ کا تعلق نئی آبادی سے بتایا جا رہا ہے۔ بعد ازاں لڑکی کی لاش ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی گئی۔

واقعے کے فوری بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔

↑
Exit mobile version