6
پنڈدادنخان: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج پنڈ دادنخان میں ٹریفک قوانین سے متعلق خصوصی آگاہی سیمینار سے خطاب کیا۔
سیمینار میں ایس ڈی پی او پنڈ دادنخان سرکل، کالج انتظامیہ، اساتذہ کرام اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ سڑکوں پر بڑھتے حادثات کی بنیادی وجہ ٹریفک قوانین سے لاعلمی اور ان پر عمل نہ کرنا ہے۔ انہوں نے نئے ٹریفک قوانین، بھاری جرمانوں، بار بار خلاف ورزی کی صورت میں مقدمہ درج ہونے کے طریقہ کار اور روڈ سیفٹی رولز کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
ڈی پی او نے ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہیلمٹ نہ پہننے سے سالانہ سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں، لہٰذا نوجوان نسل اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دے۔
مزید برآں ڈی پی او نے ون ویلنگ، کم عمر ڈرائیونگ اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے نقصانات پر بھی روشنی ڈالی اور طلبہ و شہریوں کو اس بارے میں آگاہ کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
سیمینار میں طلبہ و اساتذہ نے ٹریفک قوانین کی اہمیت اور ڈی پی او جہلم کی جانب سے آگاہی مہم کے اقدامات کو سراہا اور عوامی شعور بڑھانے کے لیے ایسے سیمینارز کی ضرورت پر زور دیا۔
