32
پنڈدادنخان: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے زیر تعمیر للِہ تا جہلم دو رویہ سڑک منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا اور منصوبے کی تعمیراتی پیشرفت اور معیار کا بغور مشاہدہ کیا۔
وزیر مملکت نے دورے کے دوران منصوبے کے انچارج انجینئرز اور متعلقہ افسران سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی اور تعمیراتی کام میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ للِہ تا جہلم روڈ منصوبہ خطے کی ترقی اور عوام کی سہولت کے لیے انتہائی اہم ہے اور اس کی تعمیر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل ہونی چاہیے۔
بلال اظہر کیانی نے یقین دلایا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ للِہ تا جہلم روڈ کے پانچ سیکشنز میں سے ایک سیکشن مکمل ہو چکا ہے اور منصوبے کو اگلے چھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔
وزیر مملکت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں سڑک کی مکمل کھدائی کی گئی تھی جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم موجودہ حکومت کی کوششوں سے یہ دیرینہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔
بلال اظہر کیانی نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ للِہ تا جہلم دو رویہ سڑک منصوبے سمیت جہلم کے دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی منظوری سے خطے کے لاکھوں شہریوں کی دیرینہ مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔
