ٹوٹی پھوٹی گلیاں اور سڑکیں دینہ کی یونین کونسل مغل آباد کا مقدر بن گئیں

دینہ: تحصیل دینہ کی یونین کونسل مغل آباد کے دیہاتوں کے باسی حکمرانوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے پریشان، ٹوٹی سڑکیں، خستہ حال گلیاں، خود ساختہ مہنگائی، نہ ہی تعلیمی معیار، نہ ہی صحت کی بنیادی سہولیات، عوام قدیمی دور میں رہنے لگے۔ باتوں کی حد تک سب اچھا کی رپورٹ، حکمران صرف الیکشن کے دنوں میں آتے ہیں پھر سالوں بعد تشریف لا کر عوام کو بے وقوف بنا کر ووٹ حاصل کرکے غائب ہو جاتے ہیں، یونین کونسل مغل آباد کی عوام جہلم اپڈیٹس کے سروے کے دوران پھٹ پڑے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم اپڈیٹس نے تحصیل دینہ کی یونین کونسل مغل آباد کے مختلف گاؤں کا سروے کیا جس میں علاقہ مکینوں نے کہا کہ ہماری یونین کونسل صرف نعروں کی حد تک ترقی کر رہی ہے، حال ہی میں منارہ پلی سے بوہڑیاں تک سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا، آدھی سڑک بنائی گئی جبکہ آدھی سڑک کا کام روک دیا گیا، جو آدھی سڑک بنائی گئی وہ بھی چند دنوں میں ٹوٹ گئی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو صرف خوش کیا گیا کہ سڑک تعمیر کی جا رہی ہے مگر ابھی تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی، انتہائی خستہ حال سڑک عوام کے لئے وبال جان بنی ہوئی ہے، سڑک کا نام رہ گیا باقی کچا راستہ کہہ سکتے ہیں۔

اہل علاقہ نے انتہائی سادگی سے کہا کہ ہر مرتبہ ووٹ کے نام پر ہمیں بے وقوب بنا دیا جاتا ہے کہ آپ کے علاقہ کو سرخاب کے پر لگا دئیے جائیں گے مگر الیکشن کے بعد نہ کوئی آتا ہے، نہ ہی کوئی جاتا ہے۔ نہ ہی مہنگائی کنٹرول، نہ صحت، نہ تعلیم ہے۔ صرف نام کی یونین کونسل ہے۔

اہل علاقہ کی اکثریت نے اعلی قیادت، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز، ایم این اے بلال اظہر کیانی، ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ سے اپیل کی ہے کہ مہربانی فرما کر یونین کونسل مغل آباد کو لاوارث ہونے سے بچایا جائے، سڑک سمیت بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔

Exit mobile version