جہلم: رمضان المبارک کے آخری عشرے میں جہلم شہر کے بازاروں، چوک چوراہوں اور گلی محلوں میں بھکاریوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث شہریوں، دکانداروں اور خریداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جہلم شہر کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں میں بھکاریوں کی بھرمار کے باعث راہگیروں اور خریداروں کا گزرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ بھکاری خریداروں کے پیچھے لگ کر پیسے مانگتے اور انہیں پریشان کرتے دکھائی دیتے ہیں جس سے نہ صرف عام لوگوں کو کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ بازاروں کا ماحول بھی متاثر ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کی خریداری کے لیے بازاروں میں رش پہلے ہی بڑھ جاتا ہے جبکہ بھکاریوں کی بڑی تعداد صورتحال کو مزید خراب کر دیتی ہے۔ بعض بھکاری خواتین اور بچوں کے ساتھ کھڑے ہو کر لوگوں سے زبردستی پیسے طلب کرتے ہیں جس سے شہری شدید پریشان ہیں۔
شہریوں، تاجروں اور مختلف سماجی و فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ بازاروں میں پھیلے ہوئے بھکاریوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ شہری باعزت طریقے سے اپنی فیملیوں کے ہمراہ خریداری کر سکیں اور بازاروں کا ماحول بہتر بنایا جا سکے۔
